کابل،6مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغان طالبان نے شمال مشرقی صوبہ قندوز کے ایک ضلعے پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان جنگجوؤں نے قلعہ ذل نامی اس مقام پر مختلف اطراف سے جمعے کی سہ پہر سے حملے جاری رکھے ہوئے تھے اور ہفتے کی دو پہر کو انہوں نے ضلعے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ قندوز پولیس کے ترجمان محفوظ اللہ اکبری نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی سکیورٹی دستوں نے جم کر لڑائی کی تاہم اضافی فورس کی عدم دستیابی کے سبب ایک موقع پر انہیں لڑائی ترک کرنا پڑی۔ تصادم میں ہلاکتوں کی اطلاع ہے تاہم تاحال تعداد واضح نہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی میں درجنوں افغان فوجی مارے گئے اور جنگجوؤں نے کافی اسلحہ بھی حاصل کر لیا ہے۔